پریس کلب آف پاکستان یوکے کے زیر اہتمام مانچسٹر سٹی کونسل اور ساؤتھ وے ہاؤسنگ ٹرسٹ کے تعاون سے نفرت پر مبنی جرائم HATE CRIME کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہوا۔سیمینار کی صدارت پریس کلب آف پاکستان یوکے کے صدر محمود خان نے کی۔ سیمینار میں مختلف کمیونٹیوں کے خلاف نفرت آمیز جرائم سے آگاہی کیلئے دانشوروں نے خطاب کیا۔جن میں محمود خان نے اسلاموفوبیا پر ’نصراللہ خان مغل نے یہودی کمیونٹی کے خلاف نفرت آمیز جرائم پرجبکہ مانچسٹر کے سابق لارڈ مئیر کونسلر کارل آسٹن بہن نے ہم جنس پرستوں کے خلاف جرائم پراظہارخیال کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کمیونٹیوں کے خلاف جرائم کس طرح ہوئے اور ان کے خلاف مختلف ادوار میں کس طرح مہمات چلائی گئیں۔ ان موضوعات پر دانشوروں کے خطاب کے بعد حاضرین کو بھی اظہار خیال کا موقع دیاگیا۔مقررین کے تقاریر کے بعد محبوب الٰہی بٹ۔ کونسلر عاصمہ عالم ’داؤد نواز ’لویزہ محبوب بٹ ’کونسلر مقدسہ بانو’ردھا قمر ’تجمیل لطیف گرمانی ’ناصر خان’اطہر افضل خان اوردیگر شخصیات نے اظہار خیال کرتے ہوئے واضح کیا کہ مختلف ادوار میں نسل پرستی کبھی مسلمانوں کے خلاف ’کبھی یہودیوں ب کے خلاف ’کبھی ہم جنس پرستوں کے خلاف اور کبھی کسی اور طبقے کے خلاف ظالمانہ انداز میں کی جاتی رہی۔ خاص طور پر یہودیوں کے ساتھ کئی صدیوں سے مذہبی منافرت برتی گئی اور ان پر برطانیہ میں عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا۔ جس کے بعد وہ سپین کی مسلمان حکومت کے پاس جا کر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔اسی طرح گذشتہ کچھ دہائیوں سے مسلمانوں کے خلاف بھی اسی طرح کی جرائم جنم لے رہے ہیں اوران کے تدارک کیلئے کمیونٹی اپنے طور پر تحریکیں چلا رہی ہے۔ جہاں تک ہم جنس پرستوں کا معاملہ ہے تو ان کا ایک دور میں انسانوں جیسے سلوک کا مستحق تک نہیں سمجھا جاتا تھا۔ جس کے خلاف مختلف اداوار میں تحریکیں چلیں۔ تاہم ابھی بھی ان معاملات پر بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ مقررین نے زور دیا کہ نسل پرستی ’فاشزم اور نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف معاشرے کے درست سوچ رکھنے والے طبقے کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے خود کو مضبوط بنانا ہو گا۔خاص طور پر مختلف مذہبی اداروں اور مساجد کو اس حواے سے اپنا احسن کردار ادا کرنا ہو گا اور انسانوں کو نفرت کی بجائے محبت کا درس دینا ہو گا۔برطانیہ ایک کثیر المذاہب معاشرہ ہے جہاں دنیا بھرکے مختلف ادیان سے وابستہ لوگ رہتے ہیں۔ ہر مذہب کی ماننے والوں کو دوسرے مذہب کے لوگوں اور ان کے عقائد کو عزت دینا ہو گی۔ جب اپنی صفوں میں اتحاد ہو گا تو پھر کوئی نفرت پر مبنی جرائم کا ارتکا ب کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔ سرکاری ’نیم سرکاری اور نجی اداروں کو نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف اپنی پالیسیوں کو مضبوط بنانا ہو گا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے سیمینارکے انعقاد سے لوگوں میں ان کے حقوق کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جا سکتی ہے۔کیونکہ بہت سے لوگ اپنے حقوق کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں رکھتے۔ شرکاء نے اس سمینار کو مثبت انداز میں لیا اور بتایا کہ ایسے سمینار بہت فائدے مند ثابت ہوں گے۔پروگرام کے اختتام پر پریس کلب آف پاکستان یوکے کے نائب صدر گلزارخان نے محمود خان ’نصرا للہ خان مغل اور کونسلر کارل آسٹن بہن کو تعریفی ایوارڈ بھی دئیے۔

















