مانچسٹر:پریس کلب آف پاکستان یوکے کے زیر اہتمام حضرت علامہ اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کو دوحصوں مں تقسیم کیا گیا۔ پہلے حصے میں محبوب الٰہی بٹ کی عمرے کے سفر پر لکھی گئی کتاب ”سعادت“ کی رونمائی ہوئی جبکہ دوسرے حصے میں حضرت علامہ اقبال کے دن پر ایک محفل مشاعرہ منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت تنظیم کے نائب صدر گلزارخان نے کی جبکہ مہمان خصوصی قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر امتیاز فیروز گوندل تھے۔ محفل مشاعرہ کی صدارت ممتاز شاعراور دانشور صابر رضا نے کی جبکہ سٹیج پر ان کے ہمراہ ممتاز شاعرہ فائقہ گل اورلیاقت علی عہد بھی موجود تھے۔ پروگرام کے پہلے حصے کی نظامت شیفتہ خان اور ثوبیہ امبر نے کی اور مشاعرے کی نظامت کونسلر مقدسہ بانو نے کی۔تقریب کی ابتداء سموئیل جیکب نے کی جبکہ رجسٹریشن پر خدمات صوفی محمد حسین بٹ ’سہیل حیدر سہوترا۔ سلیم اختر اور جاوید یوسف نے سرانجام دیں۔کتاب ”سعادت“ کی رونمائی راسب خان ’صابر رضا اور دیگرشخصیات نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر امتیاز فیروز گوندل نے پریس کلب آف پاکستان یوکے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور واضح کیا کہ وہ بیرون ملک میں بھی پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کی جو سعی کررہے ہیں ’اس سے بیرون ملک پاکستان کا مثبت امیج پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے محبوب بٹ کی کتاب ”سعادت“ پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے ایک عمرہ کے سفر پر لکھی جانے والی ایک بہترین کتاب قراردیا اور کہا کہ اس میں انہوں نے جہاں بہت سی نئی چیزیں متعارف کروائی ہیں ’وہیں انہوں نے عمرہ کے دوران زائرین کی مشکلات کا ذکر بھی کیا ہے اور ان مشکلات کو دورکرنے کی تجاویز بھی پیش کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ محبوب بٹ نے اور بھی بہت سی کتابیں لکھی ہیں اورانہوں نے معاشرے کے مسائل پر قلم اٹھا یا کر آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے بہت سا کام کیا ہے۔انہوں نے حضرت علامہ اقبال کا یوم ولادت منانے پر پریس کلب آف پاکستان یوکے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فلسفے کی بنیاد پر رہتی دنیا تک تحقیق کا دروازہ کھولا ہے۔پاکستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں علامہ اقبال کو قومی شاعر تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس سے علامہ اقبال کی شخصیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اردو اور فارسی شاعری کے ذریعے قوم میں روح پھونک دی اور لوگ اپنے حقوق کی بازیابی کیلئے سرگرم ہوئے۔ تقریب میں ممتاز دانشوروں نے محبوب الٰہی بٹ کی کتاب ”سعادت“ پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسے عمرے کے سفر پر لکھی جانے والی ایک اعلیٰ کتاب قرار دیا۔ کتاب پرممتاز علماء کرام مولانا شفیق الرحمٰن شاہین اور مولاناسید فدا حسین بخاری۔ کونسلر مقدسہ بانو؛ فائقہ گل اورعابدہ شیخ نے واضح کیا کہ یہ کتاب روایتی عقیدت سے ہٹ کر لکھی گئی ہے۔گو اس میں عقیدت کا پہلو موجود ہے مگر عقیدت کے ساتھ انہوں نے مختلف زیارات کی وجہ تسمیہ اور ان کی تاریخ بھی بیان کی ہے۔ مکہ کے ظہور اسلام سے قبل کی تاریخ اور حج کے رسوم و رواج کے ساتھ ساتھ انہوں نے بعد از اسلام کے مکہ کی سیاسی تاریخ بھی بیان کی ہے کہ بعض لوگوں نے محض اپنا اقتدار قائم کرنے کیلئے کس طرح خلافت عثمانیہ کو ختم کرنے کی سازشیں کیں اوربالآخر مسلمانوں کی یہ خلافت ختم ہو گئی۔ انہوں نے شریف مکہ کی خلافت عثمانیہ کے ساتھ بغاوت کا ذکر کرتے ہوئے یہ بھی واضحْ کیا کہ اردن کاموجودہ حکمران شریف مکہ کا پڑپوتا ہے۔ شریف مکہ کو غداری کے انعام کے طور پر اردن کی حکمرانی سونپی گئی۔ مقررین نے واضح کیا کہ مصنف جب تک خانہ کعبہ میں رہا ’اس پر جو بھی کیفیت طاری ہوئی ’اسے بیان کرنے میں کمال مہارت سے کام لیا گیا ہے۔ایسے لگتا ہے کہ مصنف نے جو محسوس کیا وہ لکھ دیا۔دوسری طرف مصنف نے سعودی عرب کی حکومت کی عازمین حج و عمرے کیلئے کئے جانے والے مثبت اقدامات کی تعریف بھی کی ہے او ر اس کیلئے کچھ مثبت تجاویز بھی دی ہیں۔ تاہم ساتھ ہی ساتھ انہوں نے مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے اندر اور باہر سعودی پولیس کے رویے پر بھی کڑی تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہ علم نہیں کہ دنیا بھر کے مسلمان ساری عمر پیسے جمع کر کے آخری عمر میں حج کرنے آتے ہیں۔ ان کے ساتھ بہتر سلوک کیا جانا ضروری ہے۔ اسی طرح انہوں نے روضہ رسول ؐ میں اپنی روحانی اور قلبی کیفیات بیان کرتے ہوئے دل کا حال کھول کر حضوراکرمؐ کے سامنے رکھ دیا۔ انہوں نے سعودی عرب میں ریلوے کے جدید نظام کی بھی تعریف کی اور اپنی تمام زیارات کے چھوٹے چھوٹے ہیڈنگ بنا کر پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محبوب الٰہی بٹ نے کہا وہ چونکہ ایک دفعہ عمرہ کر آئے تھے۔ چنانچہ وہ دوسری دفعہ نہیں جانا چاہتے تھے مگر ان کی بیٹیوں لویزہ محبوب بٹ اور معیزہ محبوب بٹ کا اصرار تھا کہ وہ اپنے ماں باپ کو ساتھ لے کر عمرہ کریں گی۔ بچیوں نے اپنی تمام تر ذمہ داری نبھائی اور اپنی معذور ماں کی وہیل چئیر دھکیلنے سے لے کر زیارات میں ان کا پورا پورا ساتھ دیا۔ ہم نے سنا تھا کہ کسی صحابی نے اپنی ماں کو کندھوں پر اٹھا کر حج کروایا تھا۔ میری بیٹیوں نے خواتین ہو کر بھی اس ذمہ داری کا نبھایا۔تقریب کے دوسرے حصے میں پریس کلب آف پاکستان یوکے کے سیکرٹری اور ممتاز دانشور صوفی محمد حسین بٹ نے علامہ اقبال پر ایک مقالہ پڑھا جس میں انہوں نے واضح کیا کہ علامہ اقبال نے جو فلسفہ بیان کیا اس میں انہوں نے پوری دنیا کے مسائل کیلئے ایک حل پیش کیا۔ وہ اپنے وطن ہندوستان کے ساتھ بہت محبت کرتے تھے اورساتھ ہی اپنے مسلمان ہونے پر فخر بھی کرتے تھے۔ انہوں نے اس محبت کا اظہاراپنے کلام:
چین و عرب ہمارا ہندوستاں ہمارا
ہم بلبلیں ہیں اس کی یہ ہے چمن ہمارا
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کے فلسفے پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔مگر افسوس کہ ہم نے علامہ اقبال کو زبانی خراج تحسین تو پیش کیا مگر انہیں عملی طور پر بھلا دیا ہے۔ ان کو یاد رکھنے کیلئےء ضروری تھا کہ ہم ان کی فلسفے اور ان کی شاعری پر تحقیق کرتے اورا س کے نتائج موجودہ دور کے مسائل کی روشنی میں نکال کر دنیا کے سامنے پیش کرتے۔ ہمیں اقبال کا درس اور اس کے خیالات آئندہ نسلوں تک پہنچانے کی اقدامات کرنے ہوں گے۔ مشاعرے کے صدر صابررضا نے پریس کلب آف پاکستان یوکے کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ پریس کلب آف پاکستان یوکے کے ارکان نے صحافت کے شعبے میں اپنی ذمہ داریاں مکمل طور پر پوری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پریس کلب کے ارکان کی اس خدمت کو سراہتے ہیں کہ انہوں نے کسی سیاستدان کی کاسہ لیسی کرنے کی بجائے عملی طور پر وہ کام کر کے دکھائے ہیں جو صحافیوں کو کرنے چاہئیں۔ اپنے صدارتی خطاب میں گلزار خان نے کہا کہ پریس کلب آف پاکستان یوکے ایک غیر سیاسی اور غیر مذہبی جماعت ہے ’جس میں ہر مذہب کے لوگ شامل ہو کر پریس کلب کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پریس کلب کے ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے مسلسل گیارہواں یوم اقبال منا کر یہ ثابت کیا ہے کہ پریس کلب کے ارکان منظم ہیں اور اپنے نظریات میں پختہ ہیں۔ محفل مشاعرہ میں عابدہ شیخ۔ لیاقت علی عہد۔ فائقہ گل۔ مقدسہ بانو۔ ثوبیہ امبر۔ محبوب الٰہی بٹ۔ مروت احمد۔ اسماء اعظم اوردیگرشعراء نے کلام پیش کیا۔




























